For those who enjoy Urdu poetry. Poet unknown but very apt for Eid this year
عجب سی دل میں ہے کَسک
کہ اب کے روزِ عید پر
نہ دوستوں کی محفلیں
نہ دِلبروں سے مجلسیں
مِٹھائیاں نہ خُورمے
نہ قہقے نہ رَتجگے
کہ حُکم ہے غَنیم کا
اطاعتِ وَبا کرو
دُبک کے اپنے گھر رہو
نہ اَب کے تم گَلے ملو
سلام دور سے کرو
نئِی یہ رِیت پڑ گئی
کہ دستِ یار مَس نہ ہو
مِلاپ میں لَمس نہ ہو
جہاں پہ ہو وہیں رہو
ذرا بھی ٹَس سے مَس نہ ہوسبھی طبیب شہر کے
سبھی خطیب شہر کے
تمام امیر شہر کے
بَجُز غریب شہر کے
ہیں مُتّفِق بِلا فَصل
کہ نا گُزیر ہو گیا معاشرے میں فاصلہ
کلام میں بھی فاصلہ
سلام میں بھی فاصلہ
دِل و نظر کے بَین بَین
گُداز میں بھی فاصلہ
سِتم ظَریفی دیکھیے
کہ مفتیانِ شہر نے بھی کہہ دیا ہے بَرمَلا
کہ اِن دنوں میں ہے رَوا
نماز میں بھی فاصلہخُدائےِ ہر بُلند و پَست
قسم تیری خدائی کی
جلالِ کبریائی کی
کہ ہم میں ہے کہاں سَکت
بَجُز تیری نیاز کے
کہ اس بَلا سے بچ سکیں
ہے واسطہ تُجھے تیری
کریمئیِ صِفات کا
وسیلہِ کرم تُجھے
تیرے حبیبِ پاکﷺ کا
مُصیبتیں جہان کی
بزورِ کُن تُو ٹال دے
تُو اپنے بندگان کو وَبا کے اِس وبال سے
نکال کر امان دے
زمیں کو پھر سے اِذنِ رقصِ زندگی کا دان دے